لاہور: پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 27 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے پنجاب بھر میں ڈینگی کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ہفتے میں 81 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد رواں سال اب تک ڈینگی کے کل کیسز کی تعداد 447 ہو گئی ہے۔
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی سے 19، لاہور اور چکوال سے 2، 2 کیسز رپورٹ ہوئے۔ جبکہ بہاولپور، ملتان، مظفرگڑھ، اور منڈی بہاءالدین سے ایک، ایک کیس سامنے آیا ہے۔
محکمہ صحت نے انسداد ڈینگی کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے ہیں، اور تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی اور دیگر ضروری ادویات کا اسٹاک موجود ہے۔