کراچی — کراچی اور اسلام آباد جانے والی ایک نجی ایئرلائن کے طیارے سے پرندہ ٹکرا گیا، لیکن طیارہ حادثے سے بچ گیا۔ کپتان نے ایمرجنسی بریک لگا کر پرواز کو فوری طور پر روک دیا، اور طیارے کو واپس پارکنگ میں لے آیا۔ مسافروں کو طیارے سے اتار کر پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، نجی ایئر لائن کی کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی اے 208 کے کپتان نے جب طیارے کو ون وے پر ٹیک آف کے لیے اسپیڈ دی، تو اڑان سے چند سیکنڈ قبل پرندہ طیارے سے ٹکرا گیا۔ پرندہ ٹکراتے ہی کپتان نے فوری طور پر ایمرجنسی بریک لگا دی، جس کے نتیجے میں طیارے میں مسافروں کو شدید جھٹکے محسوس ہوئے اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ انجن سے پرندہ ٹکرا جانے کی وجہ سے ہلکا سا دھماکہ بھی ہوا۔ ہنگامی صورت حال اور انجن کو ممکنہ نقصان کے پیش نظر، کپتان نے طیارے کو فوراً ٹیک آف پوائنٹ سے واپس پارکنگ میں لے جایا اور پرواز کو منسوخ کر دیا۔