گوجرانوالہ (آن لائن) سرکاری اسکول میں ایک ٹیچر کے شوہر کی جانب سے طالبات سے بدسلوکی کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ واقعہ تھیڑی سانسی کے گورنمنٹ نان فارمل ایجوکیشن اسکول میں پیش آیا۔ ساجدہ نام کی خاتون نے محکمہ لٹریسی کے تحت اپنے گھر میں ایک اسکول قائم کر رکھا تھا۔ ساجدہ کے شوہر، ملزم عمران نے اسکول کے اندر ایک کمرے میں کینٹین بنا رکھی تھی۔ ملزم مختلف طریقوں سے کئی سالوں سے اسکول میں بچیوں کو بدسلوکی کا نشانہ بنا رہا تھا۔ ملزم نے ویڈیوز بھی بنائی ہوئی تھیں، جس کی وجہ سے متاثرہ بچیاں خوف کے مارے خاموش رہیں۔ گزشتہ روز ایک بچی نے اپنے گھر والوں کو بتایا کہ اسے کئی بار بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ بچی نے یہ بھی کہا کہ اسکول میں اس کی دوسری دوستوں کے ساتھ بھی یہی ہوا ہے۔ متاثرہ بچی کے انکشافات پر والدین نے آپس میں رابطہ کیا اور پھر پولیس کو اطلاع دے دی۔ پولیس نے ملزم عمران کو گرفتار کر کے پانچ الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں۔ متاثرہ طالبات کی عمریں گیارہ سے چودہ سال کے درمیان ہیں۔ ملزم نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔