اسلام آباد — عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما زاہد خان نے سیاست سے کنارہ کش ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے، زاہد خان نے کہا کہ وہ ایک خاص نظریے اور سوچ کے تحت سیاست کر رہے تھے، لیکن بدقسمتی سے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں وہ نظریے کی کوئی جھلک نہیں دیکھ رہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے سیاست میں بہت بڑی قربانیاں دی ہیں اور موجودہ حالات میں وہ مزید سیاست جاری نہیں رکھ سکتے۔ مستقبل کے بارے میں فیصلہ اپنے انتخابی حلقے کے لوگوں کے ساتھ مشاورت کے بعد کریں گے۔