کابل — طالبان کے امیر ہیبت اللہ اخوند زادہ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ملک بھر میں نماز، پردے، نامحرم سے اختلاط اور لباس سے متعلق نئے قوانین کو فوراً نافذ کریں۔ افغان صوبے فاریاب کے محکمہ اطلاعات و ثقافت کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان کے امیر نے سول اور فوجی حکام کو نیکی کو فروغ دینے والے نئے قوانین پر عمل درآمد کرانے کی ہدایت دی ہے۔ یہ حکم شمالی فاریاب کے ایک غیر معمولی دورے کے دوران صادر کیا گیا۔ اس سے قبل وہ صوبے بادغیس کے دورے پر تھے۔ حال ہی میں طالبان نے ایک نیا قانون متعارف کرایا ہے جس کے تحت خواتین کو محرم کے بغیر باہر نہ نکلنے، عوامی مقامات پر آواز مدھم رکھنے اور چہرہ ڈھانپنے کا حکم دیا گیا ہے۔