کراچی۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کی تردید کر دی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ کراچی میں کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشا وومین سینٹرل جیل میں قید ہونے کے بجائے اپنے گھر پر رات گزارتی ہیں اور انہیں غیر معمولی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات کے مطابق، نتاشا سینٹرل جیل میں قید ہے اور اس کا ذہنی توازن بالکل درست ہے، وہ بیرک نمبر 4 میں ہے اور اسے معمول کی قیدیوں والی سہولیات دی گئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں مکمل طور پر جھوٹی ہیں، ہمارے پاس بیرک سسٹم موجود ہے اور نتاشا دیگر خواتین قیدیوں کے ساتھ ہی وہاں موجود ہے۔ اگر وہ رات کے وقت جیل سے باہر جائیں تو دیگر قیدی بھی اسے دیکھ سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نتاشا کو جیل کے قوانین کے مطابق تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، خواتین جیل کی صفائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے، اور جو کچھ بھی جیل کے بارے میں کہا گیا ہے وہ ذاتی دشمنی پر مبنی ہے۔ حالیہ دنوں میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ ملزمہ نتاشا کو جیل میں خصوصی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور اس کے لیے وومین جیل کراچی میں الگ کمرہ مختص کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ملزمہ نتاشا نے 19 اگست کو کارساز روڈ پر اپنی تیز رفتار گاڑی سے باپ اور بیٹی کو کچل کر ہلاک کر دیا تھا، اس حادثے میں چار شہری بھی زخمی ہوئے تھے۔