پشاور۔خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میں شاہراہ قراقرم پر بس لینڈ سلائیڈنگ کی زد میںدو فوجیوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے ،حادثہ شاہراہ قراقرم پر اپر کوہستان کے علاقے لوتر تھانہ داسو کی حدود میں پیش آیا جبکہ پورے خطے میں موسلادھار بارش کے بعد ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بشام سے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر تک کئی مقامات پر بلاک ہوگئی۔ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن (نیٹکو) کی گلگت جانے والی مسافر بس لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آئی۔ڈسٹرکٹ پولیس افسراپر کوہستان مختیار احمد نے بتایا کہ بس بڑے پتھروں کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں 3 مسافر جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، دو جاں بحق ہونے والوں کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے جبکہ ایک راولپنڈی کا رہائشی تھا۔ڈی پی او نے بتایا کہ حادثے میں 2 فوجی اہلکار اور ایک سویلین شہری تھا۔