اسلام آباد۔ وزیراعظم شہباز شریف سے پانچ سالہ سفیان محسود نے ملاقات کی، جو ڈیرہ اسماعیل خان سے ہیں اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے حامل ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ سفیان محسود نے اپنی کم عمری میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کر کے پاکستان اور اپنے والدین کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں استعمال کرنے کے لیے کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ نوجوانوں کے لیے مزید کھیلوں کی سرگرمیاں فراہم کریں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کر سکیں۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور کھیل کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران سفیان محسود نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ مستقبل میں ایک سائنسدان بن کر پاکستان کا نام مزید روشن کریں گے۔ وزیراعظم نے سفیان سے پشتو میں بھی بات کی اور اس کے عزم کی تعریف کی۔وزیراعظم نے سفیان کے والد، عرفان محسود سے بھی ملاقات کی، جو 100 سے زیادہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے حامل ہیں اور مارشل آرٹس میں ماہر ہیں۔ عرفان محسود ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک تربیتی اکیڈمی چلاتے ہیں جہاں نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کی جاتی ہے۔ عرفان محسود نے وزیراعظم کو اپنی اکیڈمی اور وہاں کے کھلاڑیوں کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے یوتھ پروگرام کو ہدایت دی کہ وہ سفیان محسود کے والد کی اکیڈمی کے ساتھ تعاون کرے اور ملک بھر میں مختلف کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کرے۔