کراچی— پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے تصدیق کی ہے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر گلوکارہ آئمہ بیگ نے بتایا کہ دل میں درد کے باعث وہ اسپتال گئیں، جہاں ڈاکٹروں نے کم شدت کے دل کے دورے کی تشخیص کی۔
انہوں نے اسپتال کے بستر پر لیٹی ہوئی اپنی تصویر شیئر کی جس میں ان کے جسم پر ای سی جی کے الیکٹروڈز لگے ہوئے تھے۔
آئمہ بیگ نے وضاحت کی کہ دل کے دورے کی وجہ ذہنی دباؤ، نیند کی کمی اور بے چینی ہے، ساتھ ہی زیادہ سفر، رات کو نیند نہ آنا اور مسلسل تھکن بھی بیماری کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔
آئمہ بیگ نے لکھا کہ دل کے دورے کے بعد انہیں یہ احساس ہوا کہ اپنی صحت کو اولین ترجیح دینی چاہیے۔
اداکارہ نے اپنے مداحوں کو یہ نہیں بتایا کہ انہیں عارضہ قلب کب ہوا، لیکن انہوں نے اس بات کا ذکر ضرور کیا کہ اب وہ اپنی صحت پر توجہ دے رہی ہیں، سفر کے بجائےمکمل آرام کر رہی ہیں اور بہت زیادہ احتیاط بھی کر رہی ہیں۔