اسلام آباد۔وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کو بتایا کہ حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کو فالو نہ کرنے کی وجہ سے ایکس(ٹوئٹر)پر پابندی برقرار ہے کیونکہ وہ صرف ہماری گائیڈ لائنز پر سات فیصدعمل کرتے ہیں
چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر کو کھولنے میں انہیں کوئی مسئلہ نہیں جس دن حکومت کہے گی کھول دیں گے ۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اپنے اشتہارات تو چلاتے ہیں مگر ٹیکس نہیں دیتے ،اگلے سال مارچ اپریل میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی کر دیں گے
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے بتایا کہ ہم نے اب تک مجموعی طور پر 2112 لائسنس جاری کئے ،تین سالوں میں 602 لائسنسوں کی تجدید کی گئی ،گزشتہ سال پی ٹی اے کو 860 ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا
اس سال کا ہدف950 ارب ہے ،موبائل رجسٹریشن کی مد میں 60 ارب سے زائد کمائے ،پاکستان کی 56 فیصد آبادی براڈ بینڈ سے منسلک ہے جبکہ پی ٹی اے لائسنس یافتہ کمپنیوں کے ذریے21 ہزار کلو میٹر سے زائد فائبر آپٹیکل کیبل بچھائی گئی ۔
ملک میں 52 ہزار سے زائد ٹاورز ہیں ،ہر سال ان کی ریچ بڑھائی جارہی ہے جبکہ پانچ سالوں میں یونیورسل سروسز فنڈز کی مد میں چالیس ارب روپے حاصل کئے جو کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔
فور جی کی سہولت تمام اضلاع کو حاصل ہے تاہم بڑے بریک ڈاﺅن اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے فور جی کی سہولت متاثرہوتی ہے ،حکومت کی ہدایت پر موبائل سروس بند کرنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
سروس کا معیار بہتر بنانے کے لئے ہم نے 643 مقامات کا سروے کیا جہاں سروس معیاری نہ تھی وہاں شوکاز نوٹس جاری کئے ،ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس 562 میگاہرٹز سپیکٹرم دستیا ب ہے۔
،فائیو جی سپیکٹرم کی مارچ اپریل 2025 میں نیلامی کریں گے اس حوالے سے تمام انفراسٹرکچر مکمل کرلیا گیا ہے۔
ٹیلی ناریوفون میں ضم ہو رہا ہے ،ٹیلی نار والے کہتے ہیں یہاں انڈسٹری کی صورت حال اچھی نہیں وہ نقصان میں جارہے تھے وہ اپنا بزنس پورے ایشیا سے بند کر کے یورپ منتقل ہو رہے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے لائسنس آزاد کشمیر کے علاوہ باقی جگہوں پر دیئے جارہے ہیں ،سٹیلائٹ پالیسی کے قواعد مکمل کرلئے گئے ہیں کوئی بھی کمپنی لائسنس لے سکتی ہے تاہم موبائل سروسز اور نیٹ استعمال کرنے کے دوران اشتہار چلنے پر ابھی کوئی ٹیکس عائد نہیں۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ 37 مقامی کمپنیوں نے پانچ سالوں میں 2 کروڑ سے زائد موبائل فونز پاکستان میں تیار کئے تاہم پاکستان میں موبائل صارفین پر ٹیکس بہت زیادہ ہے ،ایک صارف کو 100 روپے کے کارڈ پر 34.50 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے ،سری لنکا میں یہ 20 فیصد اوربھارت میں 18.5 فیصد ہے
چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ تین سالوں میں سوشل میڈیا بارے 9 لاکھ 82 ہزارشکایات میں سے 9 لاکھ80 ہزار نمٹا دی گئیں، وی پی این کو بند کرنے کے لئے ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ فیس بک ،ٹوئٹر و دیگر پلیٹ فارمز کو سکیورٹی خدشات ہیں اس لئے وہ اپنے دفاتر یہاں نہیں کھول رہے ،پھر قانونی ایشوز بھی ہیں جنہیں دور کرنے کے لئے 4 سے6 ہفتوں میں پارلیمنٹ میں قانون سازی کی جائے گی