اسلام آباد\۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پیر کے روز جیؤ اسپیشل لینڈ سروے اور تجاوزات کے مسائل کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں ممبر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، ممبر اسٹیٹ، ڈائریکٹر جنرل پلاننگ، ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے، ڈائریکٹر ڈی ایم اے سمیت متعلقہ ونگز کے سینئر افسران نے شرکت کی.
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو جیؤ اسپیشیل ٹیکنالوجی کے منصوبے کے بارے میں بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سی ڈی اے اراضی پر تجاوزات، آبادیوں کی غیر منظم آباد کاری اور بے ہنگم شہری پھیلاؤ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک اہم قدم ہے.
اجلاس کو سی ڈی اے کی طرف سے حالیہ جیؤ اسپیشیل سروے کے بارے میں بھی بتایا گیا کہ جو سپارکو کی فراہم کردہ سیٹلائٹ امیجز سمیت جدید ترین ٹیکنالوجیز کی مدد سے کیا گیا ہے یہ سروے اسلام آباد کے اہم رہائشی علاقوں، بشمول اہم مارکیٹوں اور مراکز میں کیا گیا تاکہ تجاوزات، بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں اور اراضی کے خلاف قانون استعمال کا پتہ چلایا جاسکے.
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ تجاوزات، بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں اور شہر کے بے ہنگم پھیلاؤ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک مرکزی اور جامع منصوبہ بندی کی جائے. انہوں نے لینڈ کے استعمال اور شہری ترقی کی مسلسل نگرانی کے لئے ڈرونز کے ذریعے بہتر مانیٹرنگ کی ضرورت پر بھی زور دیا.
اجلاس میں یہ بھی بات کی گئی کہ سپارکو سے حاصل کردہ حقیقی وقت کے امیجز کو لینڈ کے استعمال کے حوالے سے تبدیلیوں کو ٹریک کرنے اور شہر بھر میں تجاوزات کی نشاندہی کرنے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے.
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جیؤ اسپیشیل سروے کے لئے واضح ٹائم لائنز کے ساتھ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) تیار کرنا بھی ضروری ہیں.
اجلاس میں تجاوزات کی روک تھام کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا. چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ تجاوزات کنٹرول کرنے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹنگ اور مانیٹرنگ پر توجہ دی جائے. انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کو تمام متعلقہ فورمیشنز کے ساتھ ہم آہنگی سے انجام دیا جائے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی کوارڈینیشن کو یقینی بنایا جائے.۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ اراضی واگزار کروانے کے بعد وہاں تجاوزات کو دوبارہ روکنے کے لئے ایک طریقہ کار واضع کیا جائے. اس حوالے سے چیئرمین سی ڈی اے نے مزید ہدایت کی کہ غیر قانونی تجاوزات میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جائیں تاکہ مستقبل میں تجاوزات کی دوبارہ روک تھام کی جاسکے.
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے لینڈ کے بہتر انتظام کے لئے جدید ٹیکنالوجیز کے استعمال، تجاوزات کو روکنے اور اسلام آباد کے رہائشیوں کے لئے لینڈ کے مناسب استعمال کو یقینی بنانے کے لئے ایک ہم آہنگ اور جامع حکمت عملی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔