اسلام آباد: وزیرِاعظم نے ٹیکس فراڈ کی نشاندہی کرنے والے ایف بی آر کے افسر اعجاز حسین کو 50 لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا۔
وزیرِاعظم سے ایف بی آر کے سینئر افسر اعجاز حسین نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے کھربوں روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کی کوشش کو بے نقاب کیا۔ وزیرِاعظم نے ان کی ایمانداری اور فرض شناسی کو سراہا اور 50 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا۔
وزیرِاعظم نے اعجاز حسین کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی اور کہا کہ ایسے ایماندار افراد کی حوصلہ افزائی ضروری ہے تاکہ ٹیکس چوری کرنے والوں اور ان کی مدد کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر اس فراڈ کی مکمل تحقیقات کرے اور ملوث افراد کو سزا دلوانے کے لیے بہترین قانونی ٹیم کی خدمات حاصل کرے۔
بریفنگ کے دوران وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ سیلز ٹیکس چوری کی کوشش میں ایک 80 سالہ خاتون کے کوائف استعمال کیے گئے۔ 4 مارچ 2024 کو اعجاز حسین نے اس ٹیکس فراڈ کو بے نقاب کیا، جس میں ابتدائی طور پر 37 کروڑ روپے کی منتقلی ہوئی تھی اور اس کی ریکوری جاری ہے۔ اس فراڈ میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ تفصیلی تحقیقات کے بعد ایف بی آر کے ان افسران کی نشاندہی بھی کی جائے گی جو اس فراڈ میں معاونت کے ذمہ دار ہیں اور انہیں بھی قانون کے مطابق سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔