ماسکو۔روس کے مشہور بیلے ڈانسر ولادیمیر شکلیاروف کی پانچویں منزل سے گر کر موت، فن کی دنیا کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان بن گئی۔ 39 سالہ شکلیاروف کافی عرصے سے شدید تکلیف میں مبتلا تھے اور درد کش دوائیں استعمال کر رہے تھے۔ پیر کو ان کی ریڑھ کی ہڈی کا آپریشن طے تھا، لیکن اس سے پہلے ہی وہ حادثے کا شکار ہوگئے۔
مارِنسکی تھیٹرز، جہاں شکلیاروف نے اپنے کیریئر کا بیشتر حصہ گزارا، نے ان کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ تھیٹر نے انہیں بیلے ڈانس کی تاریخ کا ایک سنہری باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا فن ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
1985 میں سینٹ پیٹرزبرگ میں پیدا ہونے والے شکلیاروف نے 2003 میں مارِنسکی تھیٹر میں شمولیت اختیار کی اور 2011 میں پرنسپل ڈانسر کے عہدے تک پہنچے۔ ان کی شاندار پرفارمنس اور منفرد انداز نے انہیں دنیا بھر میں مقبولیت دلائی۔
کریملن کے مارِنسکی تھیٹرز نے تصدیق کی کہ شکلیاروف پانچویں منزل سے گر کر ہلاک ہوئے۔ حادثے کی وجوہات کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
شکلیاروف کی موت نہ صرف روس بلکہ عالمی بیلے کے شائقین کے لیے ایک عظیم نقصان ہے۔ ان کے فن کو یاد کرتے ہوئے، مارِنسکی تھیٹر نے کہا کہ شکلیاروف نے اپنی صلاحیتوں سے بیلے ڈانس کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے لکھوا لیا ہے۔