باکو۔اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی کانفرنس کا آغاز آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہوگیا، جو 22 نومبر تک جاری رہے گی۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کی ایگزیکٹو سیکرٹری سائمن سٹیئل نے کہا کہ موسمیاتی مسائل کے حل کے لیے ایک نیا اور پُرعزم مالی ہدف مقرر کرنا ضروری ہے، جس سے تمام ممالک، چاہے وہ امیر ہوں یا غریب، فائدہ اٹھا سکیں۔
سائمن سٹیئل نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مالی وسائل کی فراہمی کو محض خیرات سمجھنا نہیں چاہیے، بلکہ یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، کیونکہ یہ مسئلہ دنیا کے ہر فرد پر اثرانداز ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ 2009 سے موسمیاتی اقدامات کے لیے سالانہ 100 ارب ڈالر کا مالی ہدف مقرر کیا گیا تھا، اور اس میں اضافے کی تجویز پیش کی جائے گی کیونکہ موسمیاتی تبدیلی ایک ایسا عالمی مسئلہ ہے جس سے ہر ملک متاثر ہو رہا ہے۔
باکو میں ہونے والے کاپ 29 اجلاس میں 197 ممالک اور یورپی یونین کے نمائندے شریک ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف بھی آج آذربائیجان پہنچ گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔