پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی زین قریشی نے بطور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر استعفیٰ دے دیا۔انہوں نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر بطور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر رکن قومی اسمبلی استعفیٰ دینے کا اعلان کیا اور اس کی وجہ پارٹی کی جانب سے دیے جانے والے شوکاز کو قرار دیا۔
زین قریشی نے لکھا کہ میں نے پارٹی کی جانب سے بھیجے گئے شو کاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے، آزادانہ اور شفاف انکوائری اور پارٹی کے حامیوں کے جذبات کو تسلیم کرتے ہوئے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی پارٹی، اپنے لیڈر بانی پی ٹی آئی اور اپنے والد کا وفادار تھا، ہوں اور رہوں گا۔