اسلام آباد ۔سپریم کورٹ کے نئے تعینات ہونے والے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے والد عمر خان آفریدی تین سال خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری رہے، وہ پاکستان ملٹری اکیڈمی سوارڈ آف آنر بھی ونر تھے۔
عمر خان، آفریدی 1934 میں لندن میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق ایف آر کوہاٹ کے آدم خیل آفریدی قبیلے سے تھا۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم مری میں پریزنٹیشن کانونٹ سے حاصل کی جبکہ بعد میں شملہ میں بشپ کاٹن اسکول، کراچی گرامر اسکول، اور اسکندریہ مصر وکٹوریہ کالج سے تعلیم حاصل کی۔
انہوں نے، پاکستان ملٹری اکیڈمی میں شمولیت اختیار کی جہاں انہیں سوارڈ آف آنر اور نارمن گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔ انہوں نے مارچ 1954 میں 9ویں پی ایم اے کورس کے ساتھ گریجویشن کیا۔1960 میں انہوں نے پاکستان کی سول سروس میں شمولیت اختیار کی اور فوج سے کیپٹن کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے۔سول سروس میں اپنے شاندار کیریئر کے دوران وہ کئی اہم انتظامی عہدوں پر فائز رہے، وہ کچھ عرصے کے لیے بطور عبوری وفاقی وزیر کے عہدے پر بھی کام کرچکے ہیں۔
جسٹس یحییٰ آفریدی ،کے والد عمر خان آفریدی تین سال خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری رہے، وہ جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل ایجنٹ، مردان کے ڈپٹی کمشنر، سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، لاہور کے کمشنر، اسلام آباد کے ایڈمنسٹریٹر کے عہدے پر بھی فائز رہے جب کہ صدر پاکستان کے سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔