راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بشری بی بی کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں ہے، ورنہ وہ جیل میں نہ رہتیں۔بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشری بی بی نو ماہ بعد رہائی پانے میں کامیاب ہوئیں۔ انہوں نے سخت حالات کا سامنا کیا لیکن خان کے نظریے کے ساتھ وفادار رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان کے حوصلے کو سراہتے ہیں اور پی ٹی آئی کے تمام ووٹرز اور سپورٹرز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خان صاحب بھی جلد رہا ہوں گے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بیوی کو جیل میں رکھنا دراصل خان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی کی رہائی بھی ہوگی اور یہ میرٹ پر ہی ہوگی۔ اگر واقعی کوئی ڈیل ہوتی تو بشری بی بی جیل میں نہ ہوتیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ مختلف کیسز میں گرفتاریوں کے باوجود بشری بی بی کی رہائی میرٹ پر ہوئی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ بشری بی بی کا توشہ خانہ یا کسی بھی کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عوام خان کے ساتھ ہیں، اور خان کا ہم پر مکمل اعتماد ہے۔ وہ جلد عوام میں واپس آئیں گے اور بانی کی قیادت میں سب متحد ہیں۔
انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں عمران خان کی ناراضگی کی خبروں کی تردید کی، یہ کہتے ہوئے کہ ایسا کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم نے 26 ویں ترمیم کو نہ پہلے تسلیم کیا نہ اب کریں گے۔