اسلام آبا د(شاہد میتلا)پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ مہاجرین کے حقوق اور تحفظ کا بل پارلیمنٹ میں پیش کردیا گیا ،بل کے اغراض و مقاصد پر عملدرآمد کے لئے کلائمیٹ رفیوجیز سینٹر بنایا جائے گا۔
بل کے تحت رفیوجیز سینٹر ملک بھر کے مہاجرین کا ڈیٹا جمع کرے گا،سینٹر مہاجرین کے آبائی گھروں، جائیداد اور رقبے کا تحفظ کرے گا،موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ مہاجرین کے لئے ٹینٹ سٹی کا بندوست کیا جائے گا، سینٹر مہاجرین کے بچوں کی تعلیم، صحت کی سہولیات، صفائی ستھرائی کے انتظام کا انتظام کرے گا،رفیوجیز سینٹر کے بورڈ آف گورنرز کا چیئرمین وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ہو گا
بل کے تحت بورڈ سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی، سیکریٹری وزارت خزانہ یا گریڈ 20 سے اوپر کا نمائندے پر مشتمل ہو گا،سیکرٹری وزارت فوڈ سیکیورٹی، سول سوسائٹی کے دو اراکین بھی بورڈ میں شامل ہوں گے،بورڈ رفیوجیز سینٹر کے مالی، انتظامی معاملات کو چلائے گا، بورڈ کے ہر رکن کی مدت ملازمت تین سال ہو گی جس میں تین سال کی توسیع ممکن ہوگی،کلائمیٹ رفیوجیز سینٹر کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا عہدہ بھی ہو گا، سینٹر کی مالی ضروریات کے لئے کلائمیٹ رفیوجیز سینٹر فنڈ تشکیل دیا جائے گا، موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ مہاجرین کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث فرد کو دو سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔