اسلام آباد۔پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو آئندہ چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی تعیناتی کے سلسلے میں خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا دوسرا اجلاس ایک گھنٹہ تیس منٹ تک جاری رہا، جس میں تحریک انصاف کے علاوہ دیگر تمام اراکین نے شرکت کی۔
کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے یحییٰ آفریدی کی چیف جسٹس آف پاکستان کے طور پر تعیناتی کی منظوری دی اور وزیراعظم کو ان کا نام منظوری کے لیے بھیج دیا۔
یہ بات بھی واضح ہے کہ تحریک انصاف نے چیف جسٹس کی تعیناتی کے معاملے میں بائیکاٹ کیا اور کمیٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا۔
اس سے قبل نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پی ٹی آئی کے انکار کے بعد دوبارہ شروع ہوا۔ تحریک انصاف کو منانے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے واضح انکار کر دیا۔
نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کے لیے سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے، جن میں سب سے سینئر جسٹس منصور، جسٹس منیب اور جسٹس یحییٰ آفریدی شامل تھے۔