اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت آئینی ترامیم کے سلسلے میں خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی۔
پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر نے وضاحت کی کہ پاکستان تحریک انصاف کل کے اجلاس میں شامل نہیں ہوگی، تاہم انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے خصوصی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کیا ہے۔آئینی ترامیم کے حوالے سے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس کل طلب کیا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اسلام آباد میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے گی۔ذرائع کے مطابق، خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس کل دن ساڑھے 12 بجے منعقد ہوگا، جس سے پہلے اجلاس جمعرات کو تین بجے مقرر کیا گیا تھا۔