اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں، جس کے تحت ریڈ زون جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق، پارک روڈ کو بنی گالہ کے مقام پر اور راول ڈیم چوک کو کلب روڈ سے بند کیا گیا ہے۔ اسی طرح فیصل ایونیو کو فیض آباد انٹرچینج کے مقام پر، آئی جے پی روڈ سے آئی ایٹ جانے والے، کشمیر ہائی وے پر کنونشن سینٹر جانے والے اور بارہ کہو سے مری روڈ جانے والے راستے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں 14 سے 16 اکتوبر تک ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا جبکہ مقامی سطح پر عام تعطیل بھی دی گئی ہے۔ جڑواں شہروں میں مختلف اوقات میں ٹریفک کی روانی متاثر رہے گی۔
ادھر، اسلام آباد پولیس نے صدر زون کے تھانہ سمبل کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومنگ آپریشن کیا۔ ایس پی صدر زون کی زیر نگرانی پولیس کی بھاری نفری نے آپریشن میں حصہ لیا، جس میں لیڈی پولیس فورس بھی شامل تھی۔
آپریشن سے پہلے، ایس پی صدر زون نے نفری کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس سرچ آپریشن کے دوران 190 مشکوک افراد، 140 گھرانے، دکانیں، سرائے، ہوٹلز اور موٹلز کو چیک کیا گیا۔ 86 موٹر سائیکل اور 30 گاڑیوں کا بھی معائنہ کیا گیا۔ آپریشن کے نتیجے میں 30 مشتبہ افراد کو تھانہ منتقل کیا گیا اور 10 افراد کے خلاف انسدادی کارروائی کی گئی۔ یہ سرچ آپریشن علاقہ میں جرائم کے سدباب کے لیے کیا گیا تھا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا 23 واں سربراہی اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے، جس میں چین، روس، ترکمانستان اور تاجکستان کے وزرائے اعظم، ساتھ ہی بھارتی وزیر خارجہ سمیت سات ممالک کے وزرائے اعظم شریک ہوں گے۔