اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور چینی ہم منصب لی چیانگ کی موجودگی میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جبکہ گوادر ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی کیا گیا۔
چینی وزیراعظم لی چیانگ آج چار روزہ سرکاری دورے پر وفد کے ساتھ ایئر چائنا کے طیارے میں نورخان ایئربیس پر پہنچے، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ انہیں گل دستے پیش کیے گئے اور توپوں کی سلامی دی گئی۔
بعد میں، چینی وزیراعظم وزیر اعظم ہاؤس پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بجائی گئیں، اور مسلح افواج کے دستوں نے مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ شہباز شریف نے اپنے چینی ہم منصب کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک چین اسٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ، جو باہمی اعتماد اور مشترکہ اصولوں پر مبنی ہے، وقت کے ساتھ مزید تقویت پا رہی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے بنیادی نوعیت کے معاملات میں ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے فیز 2 کی اعلیٰ معیار پر ترقی کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے باہمی سود مند اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے صنعت، زراعت کی جدیدیت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ سی پیک کے تحت تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں چینی باشندوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا یقین دلایا۔ دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح کے روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جس میں دو طرفہ تعاون کے تمام شعبوں کو مضبوط کرنا شامل ہے۔
ملاقات میں چینی صنعت کی پاکستان میں ری لوکیشن اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور چین علاقائی اور عالمی اہمیت کے مسائل اور کثیر الجہتی فورمز پر بھی قریبی مشاورت جاری رکھیں گے۔