کراچی: پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان آئینی ترامیم کے حوالے سے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان اور ڈاکٹر عاصم حسین نے سندھ ہاؤس میں ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کی۔ اس وفد میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، ڈاکٹر فاروق ستار اور امین الحق شامل تھے۔
دونوں جماعتوں کے درمیان آئینی ترمیم کے معاملے پر ہم آہنگی پیدا ہوئی اور شفافیت کے ساتھ آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں اس قسم کے روابط کو جاری رکھنے پر بھی رضا مندی ظاہر کی گئی۔
شیری رحمان نے بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت کے تحت ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنے آئینی مسودے سے آگاہ کر رہے ہیں۔ ملاقات کے دوران ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو آئینی عدالتوں کے قیام کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں، اور دونوں وفود نے اپنی ترجیحات پیش کیں۔
شیری رحمان نے کہا کہ آج کی ملاقات ایم کیو ایم کے ساتھ نتیجہ خیز رہی، کیونکہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان ایک طویل مدتی تعلق قائم ہے، اور اس ملاقات میں تعمیری گفتگو کا تبادلہ ہوا۔