میڈرڈ: اسپین کے سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے اگلے ماہ شیڈول ڈیوس کپ کے بعد ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 38 سالہ نڈال نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اپنے کیریئر کا اختتام ڈیوس کپ کے ساتھ کریں گے۔
انہوں نے ٹینس کے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، “میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائر ہو رہا ہوں۔ واقعی، گزشتہ دو سال میرے لیے مشکل رہے ہیں، اور مجھے نہیں لگتا کہ میں کھل کر کھیل پاؤں گا۔ یہ فیصلہ میرے لیے مشکل تھا، لیکن زندگی میں ہر چیز کا آغاز اور اختتام ہوتا ہے۔”
نڈال کو کیریئر میں متعدد بار زخمی ہونے کے باعث مقابلوں سے باہر ہونا پڑا، اور 2023 کے شروع میں آسٹریلین اوپن کے دوران بھی وہ زخمی ہوئے تھے۔ سرجری سے پہلے وہ فرنچ اوپن سے بھی باہر ہو گئے تھے اور پچھلے دو سیزنز میں انہوں نے صرف 23 میچ کھیلے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ “میرے خیال میں یہ ریٹائرمنٹ کا مناسب وقت ہے، کیونکہ میرا کیریئر بہت طویل اور کامیاب رہا ہے۔” نڈال نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ ان کا آخری ٹورنامنٹ ڈیوس کپ کا فائنل ہوگا۔
ہسپانوی اسٹار نے کہا کہ “اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے مجھے پروفیشنل ٹینس میں شروعات میں ہی خوشیاں ملیں، اور میں اپنی تمام کامیابیوں کی بنیاد پر خود کو بہت خوش نصیب تصور کرتا ہوں۔” انہوں نے ٹینس کی دنیا اور اس کھیل سے منسلک افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔