اسلام آباد ۔سکیورٹی فورسز نے رات گئے ڈی چوک اور بلیوایریا میں تحریک انصاف کے خلاف بڑا کریک ڈائون کیا جس کے نتیجے میں 450 مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ مظاہرین کو لیڈ کرنے والے علی امین گنڈا پور اور بشری بی بی ایک ہی گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہوگئے ۔
تفصیلا ت کے مطابق سکیورٹی اداروں نے ایک بڑے کریک ڈائون کے بعد ڈی چوک اور بلیوایریا کو کلیئر قرار دیدیا ،سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ بلیو ایریا کو مظاہرین سے مکمل طور پر کلیئر کر کے مزید آپریشنز روک دیا گیا ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں نے سب سے پہلے مظاہرین کو پیچھے دھکیلا اور ڈی چوک کو کلیئر کیا اور بعد ازاں بلیو ایریا میں ایک بڑے کریک ڈائون کے نتیجے میں 150 مظاہرین کو گرفتار کر کے مختلف مقام پر منتقل کیا گیا۔
آ ٓپریشن کے دوران مرکزی قیادت دھرنے کے مقام سے غائب رہی،آپریشن کے دوران فائرنگ اور شدید شیلنگ کی گئی جس سے ملحقہ علاقوں میں شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات کا سامنا رہا ۔آپریشن کے دوران تحریک انصاف کے مرکزی کنٹینر کو آگ لگا دی گئی جو مکمل طور پر خاکستر ہوگیا
قبل ازیں پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے آبپارہ مارکیٹ اور سپر مارکیٹ بند کروا دیں، خیابان سہروردی سے آبپارہ تک سڑکوں سے گاڑیاں بھی ہٹوا دی گئیں۔ ڈی چوک سے ملحقہ بلیو ایریا میں بھی دکانیں اور سروس روڈ سے گاڑیاں ہٹوا دی گئیں۔