اسلام آباد۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پشتون تحفظ موومنٹ کی گزشتہ چھ ماہ کی سرگرمیاں ملک کے خلاف رہیں، پشتون تحفظ موومنٹ نے نہ صرف پاکستانی پرچم نذر آتش کیا بلکہ بیرون ممالک پاکستان کے سفارت خانوں پر حملے کئے، پشتون تحفظ موومنٹ کو بیرون ملک سے پاکستان مخالف بیانیہ پر فنڈنگ کی جا رہی تھی،پی ٹی ایم کے حملوں میں افغان باشندے ملوث پائے گئے،تمام خدشات کے ثابت ہونے پر پی ٹی ایم پر پابندی عائد کی گئی،وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ تحقیقات ہو رہی ہیں کہ پی ٹی ایم کو فنڈز کہاں سے آ رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، روپے کی قدر میں اضافہ اور مہنگائی میں کمی ہوئی، پختون ہمارے بھائی ہیں، پختونوں کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار رہا ہے،کسی بھی تنظیم کو ثبوتوں کی بنیاد پر ہی کالعدم قرار دیا جاتا ہے،کسی بھی سیاسی جماعت کو پاکستان پر حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، نظریہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، پرامن احتجاج کی ہر کسی کو اجازت ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے ہر اقدام اٹھائیں گے، کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرے، ہمارے معاشی اشاریئے بہتر ہو رہے ہیں، عالمی مالیاتی ادارے ہماری معاشی اقدامات کی تعریف کر رہے ہیں، عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے تمام وزراءاعلیٰ سے کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی کے اثرات عوام کو منتقل کریں، جب کوئی پابندی عائد کی جاتی ہے تو وہ شواہد پر لگائی جاتی ہے، ابھی بھی وقت ہے قومی دھارے میں واپس آئیں، پاکستان کی ترقی کے لئے کردار ادا کریں،پاکستان سے ہماری بقاءہے اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔