اسلام آباد ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کا پاکستان میں انعقاد حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے میں ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں ایس سی او سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں اسلام آباد کی تزئین و آرائش اور دیگر منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی۔
چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے اجلاس میں ایس سی او سربراہی کانفرنس کی تیاریوں پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے ریڈ زون، خاص طور پر وی وی آئی پی روٹس کی خوبصورتی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اہم شاہراہوں کے اطراف دلکش لینڈسکیپنگ کی جائے اور شہر بھر میں خوبصورت پھولوں اور فینسی لائٹس کا انتظام کیا جائے۔
انہوں نے جناح کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش کے آخری مراحل کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور تعمیراتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے ضروری ہدایات بھی دیں۔محسن نقوی نے زور دیا کہ ایس سی او کے سربراہی اجلاس کا انعقاد حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کی علامت ہے، اور پورے اسلام آباد، خاص طور پر وی وی آئی پی روٹ اور ریڈ زون کی صفائی اور خوبصورتی پر خاص توجہ دی جائے۔
اجلاس میں وزیر داخلہ کی ہدایت پر غیر قانونی سوسائٹیز کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنے کے لیے سختی سے کارروائیاں کی جائیں۔وزیر داخلہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ ڈینگی کی روک تھام کے لیے کمشنر اسلام آباد اور کمشنر راولپنڈی مشترکہ طور پر کام کریں، اور ڈینگی کے ممکنہ افزائش مقامات کو جلد کلیئر کیا جائے۔ ڈینگی کیسز رپورٹ ہونے والے علاقوں میں نگرانی کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔