اسلام آباد: سینئر وکیل اور پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین فاروق ایچ نائیک نے کہا ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ سے پہلے نئے چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن جاری ہوجائیگا۔ انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز وکلاء کے کنونشن میں میری شرکت نہیں تھی، لیکن کنونشن کرنا وکلاء کا حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئینی عدالت کی تشکیل سے ملک کو فائدہ ہوگا، کیونکہ اس سے کئی کرمنل اور سول کیسز کم ہو جائیں گے۔ فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ وزیر قانون نے ہمیں مجوزہ آئینی ترمیم کا ڈرافٹ بھیجا تھا، جس کا ہم نے جائزہ لیا اور کچھ ترامیم کے ساتھ اپنی سفارشات واپس بھیجیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف اور بے نظیر بھٹو شہید نے میثاق جمہوریت میں آئینی عدالت کے قیام کا فیصلہ کیا تھا۔ فاروق ایچ نائیک نے صحافیوں کو بتایا کہ نئے چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن وزارت قانون کی جانب سے جاری کیا جاتا ہے، اور ان کا خیال ہے کہ قاضی فائز عیسیٰ کی ریٹائرمنٹ سے پہلے یہ نوٹیفکیشن آجائے گا۔