لندن ۔ تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے ججوں اور وکلاء کی آزادی کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارگریٹ سیٹرتھویٹ کے پاس فوری اپیل دائر کی ہے۔ڈوٹی اسٹریٹ چیمبرز کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق یہ اپیل ایڈورڈ فٹزجیرالڈ کی سی، تاتیانا ایٹ ویل اور جینیفر رابنسن نے دائر کی، جنہیں عمران خان کے خاندان نے اقوام متحدہ میں وکالت کے لیے مقرر کیا تھا۔ اپیل میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے آئین میں مجوزہ 26ویں ترمیم سے عدلیہ کی آزادی، قانون کی حکمرانی، اور عمران خان سمیت ان کے حامیوں کے بنیادی حقوق کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔حکومت آئین میں مجوزہ ترامیم کو اس ہفتے منظور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ڈوٹی اسٹریٹ چیمبرز بیرسٹرز کا ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ مجموعہ ہے، جس کا مقصد انصاف تک رسائی کو بہتر بنانا اور قانون کے ذریعے انسانی حقوق اور شہری آزادیوں کو فروغ دینا ہے۔