تہران۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ کے دیرینہ دشمن اسرائیل پر حملہ کرنے والے پاسداران انقلاب کے ایرو اسپیس کمانڈر کو اعلیٰ فوجی اعزاز سے نوازا ہے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ علی خامنہ ای نے گزشتہ ہفتے اسرائیل پر میزائل حملے کرنے پر اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کے ایرو اسپیس ڈویژن کے کمانڈر کو اس اعزاز سے نوازا۔
رپورٹ کے مطابق، امیر علی حاجی زادہ نے ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں کی موجودگی میں سپریم لیڈر سے “فتح” نامی فوجی تمغہ حاصل کیا۔ یہ تمغہ ایران کے اعلیٰ ترین فوجی اعزازات میں شمار کیا جاتا ہے اور یہ پہلی بار 1980 کی دہائی میں 8 سالہ ایران عراق جنگ کے دوران دیا گیا تھا۔ اس اعزاز سے بہت کم رہنماؤں کو نوازا گیا ہے۔