اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانے میں پولیس نے شاندار کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں محسن نقوی نے اسلام آباد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اسلام آباد میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے میں وفاقی وزیر داخلہ، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی تعریف کی اور کہا کہ اسلام آباد پولیس نے دھاوے کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ پاک فوج، پنجاب پولیس اور رینجرز نے بھی امن و امان برقرار رکھنے میں کلیدی حصہ لیا ہے۔
انہوں نے کانسٹیبل حمید شاہ کی قربانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام کے جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے شہادت حاصل کی، اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم اس قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی، اور ہدایت کی کہ شہید کے اہل خانہ کا مکمل خیال رکھا جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی گئی ہے، اور صورتحال تیزی سے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی اور ملک کی خوشحالی ہماری پہلی ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین پاکستان کی معیشت میں بہتری کو برداشت نہیں کر پا رہے، جبکہ دنیا پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین ترقی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں، اور ہم کسی کو غیر قانونی طور پر عدم استحکام پیدا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی تقاریب معمول کے مطابق ہوں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے جا رہے ہیں، جن پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں، اور صورتحال تیزی سے معمول پر آ رہی ہے۔