اسلام آباد: پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں رکاوٹیں ہٹانے کا عمل شروع ہو گیا ہے، جبکہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی بحال کر دی گئی ہے۔راولپنڈی کو اسلام آباد سے ملانے والے تمام راستے، جیسے فیض آباد، مسلسل بند ہیں، اور کنٹینرز اور رکاوٹیں موجود ہیں۔ جڑواں شہروں کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس ابھی تک معطل ہے۔جناح ایونیو پر رات بھر مظاہرین اور پولیس کے درمیان کشیدگی برقرار رہی، تاہم جناح ایونیو، ڈی چوک اور چائنہ چوک میں اس وقت مظاہرین موجود نہیں ہیں۔ پولیس، رینجرز اور ایف سی کے تازہ دم دستے اسلام آباد کے ریڈ زون اور ڈی چوک کے اطراف تعینات ہیں۔اندرون شہر اگرچہ دکانیں اور بازار کھلے ہیں، مگر کاروباری سرگرمیاں تقریباً معطل ہیں۔ راستوں کی بندش کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی سپلائی سمیت شہری زندگی متاثر رہی ہے۔