اسلام آباد۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں گورنر راج لگانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر معاملات حد سے بڑھ گئے تو گورنر راج لگانے میں کوئی قباحت نہیں ہوگی۔ فیصل کریم کنڈی نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں ان کے دورہ امریکا کے علاوہ صوبے کے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اس ملاقات میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
تحریک انصاف کے احتجاج اور صوبے کی صورتحال پر ایک سوال کے جواب میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر چیزیں حد سے بڑھ جائیں تو ملک اور جمہوریت کی خاطر گورنر رول نافذ کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین میں موجود گورنر رول کا آپشن ہمیشہ موجود ہوتا ہے، اور ماضی میں بھی یہ نافذ کیا جا چکا ہے۔ جب مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں فیصلے کرنے کی نوبت آتی ہے تو بعض اوقات ناپسندیدہ فیصلے بھی کرنا پڑتے ہیں۔