کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ زارا نور عباس نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ پہلی بار حاملہ ہوئی تھیں، تو معروف برانڈز اور اشتہاری کمپنیوں نے انہیں کام دینے سے انکار کردیا تھا۔حال ہی میں فیصل قریشی کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے زارا نور عباس نے بتایا کہ جب وہ پہلی بار حاملہ تھیں، وہ ایک برانڈ کے ساتھ کام کر رہی تھیں اور ان کا باقاعدہ کانٹریکٹ ہوا تھا۔ تاہم جب برانڈ کو ان کے حمل کا علم ہوا، تو انہوں نے کانٹریکٹ ختم کرکے مزید کام دینے سے انکار کر دیا۔
زارا نے کہا کہ مذکورہ برانڈ نے انہیں بتایا کہ “اب آپ حاملہ ہوگئی ہیں، اس لیے ہم آپ کے ساتھ مزید کام نہیں کرسکتے کیونکہ آپ ہماری ٹارگٹ مارکیٹ کے معیار پر پورا نہیں اترتی۔”اداکارہ نے مزید کہا کہ انہوں نے برانڈ کے مالکان سے پوچھا کہ کیا حاملہ خواتین میک اپ نہیں کرتیں، جس پر انہیں جواب ملا کہ “اب آپ پہلے کی طرح اسمارٹ نہیں لگ رہی ہیں، اس لیے ہم کانٹریکٹ ختم کر رہے ہیں۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں حاملہ اداکاراؤں کو بڑے بڑے پراجیکٹس میں کام دیا جاتا ہے، جبکہ پاکستان میں حاملہ اداکاراؤں کے لیے کوئی مواقع نہیں ہیں۔ یہاں برانڈز کو یہ فکر ہوتی ہے کہ حمل کی وجہ سے اداکارہ کیسی نظر آئے گی۔زارا نور عباس نے بتایا کہ جب وہ دوسری بار حاملہ ہوئی تو ان کی طبیعت ٹھیک نہیں رہتی تھی، جس کی وجہ سے انہوں نے خود ہی شوبز سے بریک لے لیا۔یاد رہے کہ رواں سال 27 مارچ کو زارا نور عباس اور اسد صدیقی کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، جس کا نام انہوں نے نورِ جہاں رکھا۔