اسلام آباد۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں دفاعی منصوبوں کے لیے 45 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کر لی گئی۔ اس گرانٹ کے تحت موجودہ مالی سال میں مختلف دفاعی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
ای سی سی نے اینٹی ریبیز ویکسین کی قیمت میں اضافے کی بھی منظوری دی ہے، جس کے تحت فی وائل قیمت 891.65 روپے سے بڑھا کر 1980 روپے کر دی گئی ہے۔ یہ اضافی قیمت درآمد شدہ مواد کے خرچ کو پورا کرنے کے لیے ہے۔اس کے علاوہ، ای سی سی نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے ملازمین کے الاؤنس میں اضافے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جس کے تحت اے این ایف ملازمین کے لیے ڈیلی الاؤنس میں 20 گنا اضافہ منظور کیا گیا، جس کا مالی اثر 264.744 ملین روپے ہوگا۔