لاہور ۔ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام مقابلہ حسن نعت شریف کی تقریب تقسیم انعامات منگل کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب پرویز اقبال نے پوزیشن حاصل کرنے والے نعت خواں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹریوتھ افیئرز رانا ندیم انجم خان، لائبریرین شازیہ ثقلین، اور عمار افضل بھی موجود تھے۔
15 سے 21 سال کے ایج گروپ میں محمد انس نے پہلی، سیدہ فارین بخاری نے دوسری جبکہ حامد خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح 21 سے 29 کے ایج گروپ میں مریم صدیق نے پہلی، احمد حافی نے دوسری اور عبدالقدیر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پوزیشن ہولڈرز کو پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کے مطابق بالترتیب 15 ہزار، 12 ہزار اور 10 ہزار روپے کے انعامات دیئے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب پرویز اقبال نے اس موقع پر کہا کہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لیے مستقبل میں بھی ایسے مقابلوں کا انعقاد جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ اس تقریب کا انعقاد ای لائبریری نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے کیا گیا تھا، جس میں نعت خواں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔