یروشلم: اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران یا مشرق وسطیٰ میں کوئی بھی ہمارے لمبے ہاتھوں کی پہنچ سے محفوظ نہیں ہے۔
حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ کو فضائی حملے میں ہلاک کرنے کے بعد نیتن یاہو نے ہفتے کو ٹی وی پر قوم سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے حسن نصراللہ کے قتل کا حکم دیا کیونکہ اس کا خاتمہ اسرائیل کے شمالی باشندوں کی محفوظ واپسی کے لیے ضروری تھا۔ ہم نے بے شمار اسرائیلیوں اور درجنوں امریکی اور فرانسیسی شہریوں کے قاتل سے حساب چکتا کیا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ یہ ایک عظیم دن ہے جب اسرائیل عروج پر ہے اور کامیابی حاصل کر رہا ہے۔ حسن نصراللہ کا قتل ایک تاریخی موڑ ہے جو مشرق وسطیٰ میں طاقت کے توازن کو تبدیل کر سکتا ہے، ہم مل کر لڑیں گے اور خدا کی مدد سے ہم کامیاب ہوں گے۔
انہوں نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ آج آپ جانتے ہیں کہ ایران یا مشرق وسطیٰ میں کوئی بھی اسرائیل کے لمبے ہاتھوں سے دور نہیں ہے۔
نیتن یاہو نے مزید کہا کہ ہمیں آنے والے دنوں میں اہم چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا، اور ہم شمالی اسرائیل کے باشندوں کی ان کے گھروں کو واپسی اور یرغمالیوں کی واپسی کو یقینی بنائیں گے۔