راولپنڈی: سرکاری اسکولز کی نجکاری کے خلاف احتجاج کرنا اساتذہ کے لیے مہنگا پڑ گیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پنجاب ٹیچرز یونین اور ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن کے صدور اور سیکرٹریز کو معطل کر دیا۔ ان تنظیموں کے رہنماؤں کو شوکاز نوٹسز بھی جاری کیے گئے ہیں، جن میں قاضی عمران، ملک امجد، اخیان گل اور راجہ تیمور اختر شامل ہیں۔
اساتذہ نے احتجاجاً آج اسکولز کی تالابندی کر دی، جس کے نتیجے میں تمام سرکاری اسکولوں میں تدریسی نظام معطل ہوگیا۔ چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن اتھارٹی نے اساتذہ کو وارننگ دی ہے کہ فوری طور پر ہڑتال ختم کریں اور تدریس شروع کریں۔
اساتذہ تنظیموں نے بھی واضح کیا ہے کہ وہ اسکولوں کی نجکاری کو قبول نہیں کریں گے۔ اساتذہ نے گرینڈ ٹیچرز الائنس کا اجلاس طلب کرکے سخت احتجاج کا نیا لائحہ عمل جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔