اسلام آباد: اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی ہدایت پر وفاقی پولیس نے سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے نئی پالیسی وضع کر لی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق، کوئی پولیس آفیسر یا اہلکار پیشگی محکمانہ اجازت کے بغیر میڈیا پر اپنی رائے نہیں دے سکے گا اور نہ ہی کوئی مضمون لکھ سکے گا۔ پولیس یونیفارم، سرکاری گاڑی، یا کسی سرکاری عمارت میں پولیس اہلکاروں کی تصاویر یا ویڈیوز اپنی تشہیر کے لیے بنانا ممنوع ہوگا۔
مزید برآں، کوئی پولیس آفیسر یا اہلکار سیکرٹ، آفیشل یا کوئی بھی چیز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ نہیں کر سکے گا۔ وفاقی پولیس کے افسران یا اہلکار اپنی سیاسی یا مذہبی رائے کا اظہار کسی بھی میڈیا پر نہیں کریں گے۔ پولیس کی سرگرمیوں کی تشہیر کا ذریعہ صرف آئی جی دفتر کا افسر تعلقات عامہ ہوگا۔
وفاقی پولیس کا کوئی آفیسر یا اہلکار اگر میڈیا پر کوئی بات پہنچانا چاہتا ہے تو اسے ڈی آئی جی یا آئی جی دفتر کے افسر تعلقات عامہ سے اجازت لینی ہوگی۔
اس پالیسی کے تحت متعلقہ یونٹ کے افسران اپنے ماتحتوں کے ذمہ دار ہوں گے، اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔