واشنگٹن: صدارتی انتخاب میں فیصلہ کن کردار ادا کرنے والی تین ریاستوں کے حالیہ سروے میں ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو موجودہ حکومتی جماعت کی امیدوار کملا ہیرس پر برتری حاصل ہوگئی ہے۔
امریکی صدارتی انتخابات 5 نومبر کو منعقد ہوں گے، لیکن حالیہ سروے میں ووٹرز کے رجحانات ملا جلا نظر آ رہے ہیں، جس میں کملا ہیرس کو فیوریٹ سمجھا جا رہا ہے۔
تاہم، نیو یارک ٹائمز اور سیانا کالج کی جانب سے کیے گئے سروے کے نتائج ٹرمپ کے حق میں خوش آئند ہیں، جو تین اہم ریاستوں میں پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
نیو یارک ٹائمز کے اس پول میں ایریزونا میں 713، جارجیا میں 682 اور شمالی کیرولائنا میں 682 ووٹرز شامل ہوئے، جبکہ ہر ریاست میں چار سے پانچ فیصد کی حد تک غلطی کا مارجن موجود ہے۔
سروے کے مطابق ایریزونا، شمالی کیرولائنا اور جارجیا میں ٹرمپ کا پلڑا غیر متوقع طور پر بھاری دکھائی دے رہا ہے۔