کراچی: سندھ رینجرز اور ضلع سٹی پولیس نے لیاری میں مشترکہ کارروائی کے دوران 2 انتہائی مطلوب ڈکیتوں کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس میں ایاز علی سیال اور اس کے ساتھی محمد حیات بلوچ کو گرفتار کیا گیا۔ ایاز علی سیال ڈکیتی اور چوری شدہ موٹر سائیکلوں کا نمبر پنچ کرکے فروخت کرنے والے گروہ کا سرغنہ ہے۔
گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ مختلف کمپنیز کی گاڑیوں کو گن پوائنٹ پر روک کر سیلزمین کو لوٹتے تھے اور چوری شدہ موٹر سائیکلوں کے نمبرز پنچ کر انہیں واجد اور ہوشیار کو فروخت کرتے تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ واجد اور ہوشیار چوری شدہ موٹر سائیکلیں کراچی سے بلوچستان لے جا کر فروخت کرتے ہیں۔
ملزم ایاز علی سیال نے اپنی بیوی کے ہمراہ گلشن معمار اور نیو لیاری سے مویشی چوری کرنے کا بھی اعتراف کیا۔ وہ اپنے گروپ کے ساتھ لیاری، گڈاپ ٹاؤن اور گلشن معمار کے مختلف علاقوں میں اسلحے کے زور پر متعدد سیلزمینوں کو لوٹنے کا بھی اعتراف کر چکا ہے۔
ملزمان نے فقیرہ گوٹھ کے علاقے میں آٹے والی گاڑی سے اسلحے کے زور پر ساڑھے چار لاکھ روپے لوٹنے کا بھی اعتراف کیا۔ یہ دونوں ملزمان اس سے قبل بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔