گوگل نے اپنے پاس ورڈ مینیجر کے لیے ایک نئی اپ ڈیٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے صارفین مختلف ڈیوائسز کے درمیان پاس کیز کو آسانی سے منسلک کر سکیں گے۔
اس سے پہلے، صارفین صرف اینڈرائیڈ پر گوگل پاس ورڈ مینیجر میں پاس کیز محفوظ کر سکتے تھے، جس کی وجہ سے مختلف ڈیوائسز پر ان کا استعمال محدود تھا۔ اگرچہ دوسری ڈیوائسز پر پاس کیز کا استعمال ممکن تھا، لیکن اس کے لیے صارفین کو کیو آر کوڈ اسکین کرنا پڑتا تھا۔
یہ نئی اپ ڈیٹ ونڈوز، میک او ایس، لینکس اور اینڈرائیڈ پر پاس ورڈ مینیجر کے ذریعے پاس کیز کو محفوظ کرنے کی سہولت فراہم کرے گی، جبکہ کروم او ایس کے لیے اس کا بیٹا ٹیسٹ جاری ہے۔ گوگل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ آئی او ایس کے لیے سپورٹ جلد دستیاب ہوگی۔
ایک بار پاس کی محفوظ کرنے کے بعد، یہ خود بخود دوسرے ڈیوائسز کے ساتھ جڑ جاتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ ہے، جس کی بدولت معلومات تک رسائی حاصل کرنا انتہائی مشکل ہوگا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاس کی، پاس ورڈ سے کچھ مختلف ہوتی ہے۔ پاس کی ایک ڈیجیٹل تصدیق ہے، جو صارفین کو پاس ورڈ کے بغیر اپنے اکاؤنٹس میں لاگ ان ہونے کی اجازت دیتی ہے۔ گوگل گزشتہ سال سے اپنے سافٹ ویئر میں پاس کیز کا استعمال کر رہا ہے۔