واشنگٹن۔ امریکہ نے واضح کیا ہے کہ وہ پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کی حمایت نہیں کرے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کی مخالفت کی ہے اور یہ پالیسی برقرار رہے گی۔
میتھیو ملر نے مزید کہا کہ امریکہ مہلک ہتھیاروں کی حمایت کرنے والے گروہوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا تاکہ دنیا کو ان مہلک ہتھیاروں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہلک ہتھیاروں پر پابندی ہماری قومی سلامتی کی ضمانت ہے، اسی لیے پابندیوں اور دیگر اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے بیلسٹک پروگرام پر ہماری کڑی نظر ہے، حالانکہ وہ ہمارا قریبی دوست ملک بھی ہے۔ حال ہی میں، امریکی محکمہ خارجہ نے ایک چینی ریسرچ انسٹیٹیوٹ، ایک چینی شہری، اور تین چینی کمپنیوں پر مہلک ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے الزام میں پابندیاں عائد کی ہیں۔
میتھیو ملر نے مزید وضاحت کی کہ چین کے ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے مبینہ طور پر پاکستان کے شاہین 3 اور ابابیل سسٹم کے لیے آلات کی خریداری کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے۔