اسلام آباد۔ وزارت خارجہ اور چینی سفارتخانہ اسلام آباد کی دعوت پر پاکستان کے مختلف تنظیموں اور اداروں سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور سکالرز پر مشتمل ایک اہم نمائندہ وفد 10 روزہ سرکاری دورے پر چین روانہ ہوگیا ہے۔ یہ وفد بیجنگ، ژیانگ، اور سنکیانگ میں اہم سیاسی اور حکومتی شخصیات کے ساتھ ساتھ اہم مسلم، تاریخی، اور ثقافتی مقامات کا دورہ کرے گا۔
اس دورے کا مقصد مذہبی سفارتکاری کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا اور مذہبی تعلیمی اداروں کے درمیان رابطے کو مضبوط کرنا ہے۔ وفد میں امیر جمعیت علمائے اسلام (س) و نائب مہتمم جامعہ دارالعلوم حقانیہ، مولانا حامد الحق حقانی، مولانا محمد ادریس شیخ الحدیث جامعہ حقانیہ، ممتاز دانشور سابق وفاقی وزیر بیرسٹر ظفراللہ خان، اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب نعیمی سمیت کئی دیگر اہم علمی اور مذہبی شخصیات شامل ہیں۔وفد کی میزبانی عوامی جمہوریہ چین کی وزارت خارجہ کرے گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال مذہبی سفارتکاری فورم کے تحت پہلا وفد چین گیا تھا جس کی قیادت سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کی تھی۔ یہ وفد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔