اسلام آباد۔اے این ایف کی جانب سے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے کانفرنس کا انعقادکیا گیا۔اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی منعقد کردہ کانفرنس میں پنجاب کی سطح پر تمام متعلقہ اداروں نے بھرپور شرکت کی ،کانفرنس کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کرنا تھا، اس مقصد کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی اشتراک کو فروغ دینا ازحد ضروری ہے تاکہ وہ نشے کے استعمال کی روک تھام کے حوالے سے موٹر حکمت عملی اپنا سکیں اور مل کر جامع عملی اقدامات کر سکیں۔
اے این ایف ملک بھر کی جامعات کو منشیات سے پاک بنانے کے عزم کے ساتھ ملک گیر مہم کا اغاز کر رہی ہے، کانفرنس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، ایکسائز اینڈ نارکوٹکس پنجاب، پنجاب رینجرز، پنجاب پولیس، سیف سٹی اتھارٹی، ایف آئی اے، نادرا، پی سی ایس آئی آر اور دیگر اہم تعلیمی اور سماجی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی اور اپنی تجاویز پیش کیں۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کی ترسیل اور طلباء و طالبات کو اس گھناونے فعل میں لگانے والوں کا قلع قمع کرنے کیلئے بھرپور ایکشن شروع کیا جا رہا ہے۔