اسلام آباد۔ چین کی تعلیمی ٹیکنالوجی کمپنی نے پاک چین ڈوئل ڈپلومہ پروگرام کے تحت پاکستانی طلبا کیلئے 195 اسکالرشپس کا اعلان کر دیا، درخواست دینے کی آخری تاریخ 15 ستمبر ہے۔
چین کی تعلیمی ٹیکنالوجی کمپنی تانگ چائنیز ایجوکیشن اینڈ ٹیکنالوجی لمیٹڈ نے کراچی کی نذیر حسین یونیورسٹی (این ایچ یو)میں ایک نیا چین پاکستان ڈوئل ڈپلومہ پروگرام شروع کیا ہے۔
اس پروگرام کے ذریعے 195 پاکستانی طالب علموں کو ایک سال کے لیے چین میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے اسکالرشپ دی جائے گی۔
تین سالہ ڈپلومہ آف ایسوسی ایٹ انجینئر)ڈی اے ای( پروگرام این ایچ یو اور چین کے فوجیان پولی ٹیکنیک آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ایک مشترکہ اقدام ہے، جو تانگ کے سی سی ٹی ای )چینی + کمرشل کلچر + تکنیکی مہارت + روزگار( جدید چین پاک ڈوئل ڈپلومہ جوائنٹ ٹیکنیکل ایجوکیشن پروگرام کے تحت ہے۔
پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ، این ایچ یو ڈی اے ای الیکٹرانک انفارمیشن انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں 20 ، ڈی اے ای میکاٹرونکس ٹیکنالوجی میں 25 ، اور ڈی اے ای انٹرنیٹ آف تھنگز ایپلی کیشن ٹیکنالوجی میں 20 طلبا کو داخلہ دے گا۔
طلبا اپنا آخری سال چین میں تعلیم حاصل کرنے میں گزاریں گے۔ یہ معاہدہ پانچ سال کے لئے ہے ، جس میں طلبا کے تین بیچوں کا احاطہ کیا گیا ہے ، اور باہمی رضامندی سے بڑھایا جاسکتا ہے۔
ہر سال مجموعی طور پر 65 اسکالرشپس دی جائیں گی جن میں سے 195 اسکالرشپس تین بیچوں میں دی جائیں گی۔
فوجیان پولی ٹیکنیک چین میں اپنے تیسرے سال کے دوران طلبا کے لئے ٹیوشن فیس ، رہائش اور متعلقہ اخراجات مہیا کرے گا۔ چینی زبان کی تعلیم بھی پروگرام کے حصے کے طور پر شامل ہے. پروگرام کے لئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 15 ستمبر ہے۔