کراچی: سندھ اسمبلی میں خواتین کی توہین پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف قرارداد پیش کر دی گئی۔
اسپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ کی زیر صدارت اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں پیپلز پارٹی کی رکن سعدیہ جاوید نے علی امین گنڈا پور کی خواتین اور صحافیوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر قرارداد پیش کی۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن اور متعلقہ ادارے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان کا نوٹس لیں اور ان کے خلاف کارروائی کریں، کیونکہ ان کے بیان سے خواتین کی توہین ہوئی ہے اور ایسے شخص کو وزیراعلیٰ نہیں ہونا چاہیے۔
قرارداد کے دوران پی ٹی آئی کے ارکان اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوئے اور بولنے کی کوشش کی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی نے اس پر ریمارکس دیے کہ کیا آپ کی کرسی میں کوئی مسئلہ ہے جو بار بار کھڑے ہو رہے ہیں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان خواتین کی عزت نہیں کرتے اور تمام خواتین اس قرارداد کی حمایت کریں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ علی امین گنڈا پور کی رکنیت معطل کی جائے اور ان سے استعفیٰ لیا جائے۔
پیپلز پارٹی کے رکن ضیاء لنجار نے کہا کہ ہمارے بھی جذبات ہیں، اور اگر مخالفین کی خواتین آئیں تو عزت اور احترام کے ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں۔