کراچی (آن لائن) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کراچی شرقی نے کارساز حادثے کی ملزمہ کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے ملزمہ کی ضمانت کو ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کیا۔ سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل نے عدالت کے سامنے یہ موقف پیش کیا کہ ملزمہ ذہنی طور پر بیمار ہے اور اس کا علاج اگست 2005ء سے جاری ہے۔ ملزمہ کے پاس برطانیہ کا ڈرائیونگ لائسنس موجود ہے جو پاکستان میں چھ ماہ تک معتبر ہے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء نے اللہ کے نام پر معافی دے دی ہے۔ مدعی مقدمہ کے وکیل نے سماعت کے دوران عدالت میں نو ابجیکشن سرٹیفکیٹ بھی جمع کرا دیے۔ عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا اور بعد میں ملزمہ کی ضمانت منظور کر لی۔ آج ہی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل کارساز حادثے کیس کی مرکزی ملزمہ نتاشہ دانش اور جاں بحق ہونے والے دو افراد کے لواحقین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا تھا۔ جاں بحق عمران عارف اور آمنہ عارف کے وارثین نے حلف نامے تیار کروا لیے، جو آج ضمانت کی درخواست کی سماعت میں پیش کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق، نتاشہ کے خاندان نے آمنہ کے خاندان کو ساڑھے پانچ کروڑ روپے سے زائد دیت کے طور پر ادا کر دیے، جس کی ادائیگی پے آرڈر کے ذریعے کی گئی۔