کوئٹہ:قلات میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے میں 7 جوان شہید ہو گئے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے قلات میں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کے بعد فورسز کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قلات کے شاہ مردان چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق شہدا کی میتیں اور زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔
یہ بات یاد رہے کہ اسی ماہ (9 نومبر کو) کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ایک خودکش دھماکے میں خاتون سمیت 26 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات میں چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کی ہے اور شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے جوانوں نے عظیم قربانی دی ہے۔ ان کی قربانیاں امن کی بنیاد ہیں اور ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید ہمارے ہیرو ہیں اور ان کی قربانیوں کا قرض نہیں چکایا جا سکتا۔
اسی دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی قلات میں پیش آنے والے اس دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے۔