راولپنڈی: آرمی چیف کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات کا اظہار کیا گیا کہ فوج ایک منظم ادارہ ہے، جس کے ہر فرد کی وفاداری ملک اور افواجِ پاکستان کے ساتھ ہے اور کسی کو بھی احتساب سے استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
فورم نے پاکستان کے امن و استحکام کے لیے شہداء افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں آپریشنل حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔
فورم نے بلوچستان اور خیبر پختونخواہ میں سرگرم ملک دشمن عناصر، منفی اور تخریبی گروپوں اور ان کے پاکستان مخالف اندرونی اور بیرونی سہولت کاروں کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور ان کے تدارک کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی غور کیا۔ کور کمانڈرز نے اس بات کا اعادہ کیا کہ “پاک فوج عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ انسداد دہشتگردی کے لیے کی جانے والی قربانیوں کو ضائع نہیں جانے دے گی۔” فورم نے اس بات پر زور دیا کہ “فوج ایک منظم ادارہ ہے، جس کے ہر فرد کی پیشہ ورانہ مہارت اور وفاداری صرف ریاست اور افواجِ پاکستان کے ساتھ ہے۔ پاک فوج غیر متزلزل عزم کے ساتھ ایک مضبوط اور کڑے احتساب کے ذریعے اپنی اقدار کی پاسداری کرتی ہے، جس میں کسی بھی قسم کی جانبداری یا استثنیٰ کی گنجائش نہیں ہے۔”
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات کا اعادہ بھی کیا گیا کہ فوج میں موجود سخت احتسابی نظام پر عملدرآمد ادارے کے استحکام کے لیے ضروری ہے اور کوئی بھی فرد اس عمل سے بالاتر نہیں ہو سکتا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے ایک مضبوط اور مؤثر قانونی نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “پاک فوج دہشت گردوں، انتشار پسندوں اور جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف ضروری اور قانونی کارروائی کرنے میں حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مکمل تعاون فراہم کرتی رہے گی۔” فورم نے دہشت گرد نیٹ ورکس کی ملی بھگت سے چلنے والی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سخت سائبر سیکیورٹی اقدامات کے ذریعے قومی سائبر اسپیس کے تحفظ پر زور دیا۔ اعلامیے کے مطابق، فورم نے بھارت کے زیرِ قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے تحریکِ آزادی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر جاری بربریت اور نسل کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔